• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی بریت کی درخواست کیخلاف عدالت میں نیب کا جواب جمع


قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کی رہنما سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی بریت کی درخواست کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔

نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ مریم نوازکی بریت کی درخواست ناقابلِ سماعت ہے۔

نیب نے مریم نواز پر مثالی جرمانے لگانے کی بھی استدعا کر دی اور کہا ہے کہ مریم نواز کی بریت کی درخواست میں بیان حقائق درست نہیں، بریت کی درخواست میں الزامات پر سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قانون کے مطابق سزا سنائی، ٹرائل کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا صاف شفاف ٹرائل ہوا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں نیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے والد نواز شریف، بھائی حسن اور حسین نواز عدالتی مفرور ہیں، ملزمان نے لندن فلیٹس کی منی ٹریل نہیں دی، نواز شریف بتائیں لندن جائیدادیں کیسی خریدیں؟ پیسہ کیسے منتقل کیا؟

نیب کا عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے نگراں جج مقرر کیا، مریم نواز کی درخواست عدالت کے ساتھ دھوکا دہی کے مترادف ہے، مریم نواز کے نگراں جج پر الزامات توہینِ عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، پاناما کیس کی سماعت کرنے والے جج ابھی بھی جوڈیشل سروس میں ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی نئی گراؤنڈز پر بریت کی متفرق درخواست پر اپنا جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید