سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ مسز سرینا عیسیٰ نے چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر نیب کو خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں سرینا عیسیٰ نے لکھا کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے اپنے خلاف کارروائی سے بچنےکے لئے غیرقانونی اقدام کیا، وزیر قانون فروغ نسیم کا اقدام نیب آرڈیننس کے سیکشن نائن اے کی زد میں آتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر قانون نے منی بل کے ذریعے سیکشن 216 میں غیر قانونی ترمیم کی، یہ ترمیم خود کو بچانے کی کوشش اور اختیارات سے تجاوز ہے۔
مسزسرینا عیسیٰ نے کہا کہ وزیر قانون، سابق اٹارنی جنرل انور منصور، شہزاد اکبر اور اشفاق احمد کےخلاف کارروائی کی جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امید ہے میرے نام بتانے کے بعد آپ ان افراد کے خلاف کارروائی کریں گے، ان افراد نے پہلے اِنکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 216 کے برعکس کارروائی کی۔