• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، ضلع کونسل کے ملازمین کا 17 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج

سکھر(بیور ورپورٹ)ضلع کونسل کے ملازمین سخت گرمی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، صوبائی حکومت ،متعلقہ وزارت ، منتخب نمائندوں اور انتظامیہ نے تاحال اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا، جمعہ کے روز شدید گرمی کے دوران ضلع کونسل سکھر کے درجنوں ملازمین نے دفتر میں تالابندی کر کے ضلع کونسل سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال کی، مظاہرین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرے کی قیادت عبدالمجید جسکانی نے کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع کونسل کے ملازمین کو 17ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ملازمین سخت مشکلات سے دوچار ہیں، مالی بحران نے ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں، لوگ اپنے بچوں کا علاج ومعالجہ نہیں کرا سکتے، بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور تنخواہیں نہ ملنے کے باعث نہ صرف ملازمین بلکہ ان کے اہلخانہ بھی ذہنی اذیت کا شکار ہیں، سخت گرمی اور دھوپ میں جب سکھر کا درجہ حرارت 48سے 50سینٹی گریڈ ہوتا ہے مظاہرین اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرتے ہیں، متعدد ملازمین گرمی سے نڈھال ہوجاتے ہیں اور نیم بے ہوشی کی حالت میں احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود ہوتے ہیں کیونکہ ملازمین کا کہنا ہے کہ اپنے حقوق کے لئے ہم آخری وقت تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی ظلم اور زیادتی کا نوٹس لیا جائے، ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے، ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ ملازمین میں پھیلی ہوئی مایوسی اور بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔
تازہ ترین