قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے کراچی میں ریستوران بند ہونے پر شہریوں سے اپیل کردی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شنیرا اکرم نے کہا کہ ’کراچی میں ایک بار پھر اِن ڈور ریستوران بند کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عملے کو ایک بار پھر بے روزگاری کے خطرے کا سامنا ہے۔‘
شنیرا نے کہا کہ ’میں یہاں ایک یاد دہانی کرنا چاہوں گی کہ براہِ کرم! آپ عملے کے ساتھ بدتمیزی اور نامناسب رویہ اختیار کرنے سے گریز کریں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’یاد رکھیں کہ وہ اپنے کام پر بہت فخر کرتے ہیں اور اگرچہ وہ آپ کی خدمت کرتے ہیں، وہ کسی بھی صورت میں آپ کے غلام نہیں ہیں۔‘
واضح رہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 895 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے کی شرح 45 اعشاریہ 14 فیصد کی سطح پر جا پہنچی ہے۔