• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کرپشن،بدعنوانی اور بے حیائی کےذمہ دارحکمران ہیں،سراج الحق

 لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ استحصالی نظام ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔اقتدار پر قابض ٹولہ 69سال سے قومی امانتوں کو لوٹ رہا ہے ۔ملک میں شریعت کا نظام ہوتا تو کسی کو عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے کی جرأت نہ ہوتی ۔ملک میں کرپشن ،بدعنوانی اور بے حیائی جیسی بیماریوں کے اصل ذمہ دار حکمران ہیں ۔کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا فیصلہ عوام کو کرپٹ اشرافیہ کے نرغے سے نکالنے کیلئے کیا ہے ۔عوام کو ان چوروں اور لٹیروں کے خلاف میدان میں آنا ہوگا۔ جمعہ کو جاری بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے دولت کو ہی اپنا سب کچھ قرار دے رکھا ہے ۔ایک طرف غربت اور جہالت نے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی اور علم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کررکھا ہے اور دوسری طرف حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہے ہیں ۔شہروں اور دیہاتوں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے مگر بجلی کے بل اسی طرح بے تحاشا وصول کئے جارہے ہیں۔کسان مزدور ،طلباء ،اساتذہ ،ڈاکٹرز تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شدید گرمی میں حکومت کے خلاف سڑکوں پر سراپااحتجاج ہیں مگر حکمران جھوٹے وعدوں اور بلند و بانگ دعوئوں سے عوام کو فریب دینے میں لگے ہوئے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے بننے والا کمیشن صرف وزیر اعظم کا نہیں بلکہ ہر لٹیرے کا احتساب کرے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے اندر کڑے احتساب کانظام بنا نا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی صفوں میں اتحاد کو قائم رکھنا اور سب کو مل کر چلناہوگاتاکہ حکومت ان کی کسی کمزوری سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
تازہ ترین