راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے موجودہ ترقی کی رفتار کا تسلسل ضروری ہے جس کے ذریعے پاکستان کو 2018ء میں دنیا کی پانچ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں شامل کیا جا سکے‘ جو اس وقت تیزی سے ترقی کرنے والی آٹھ معیشتوں میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمہ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوریا کے سفیر ڈاکٹر سانگ جان ہان، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر نے کورین سفیر اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ہمراہ پاک کوریا زراعت و لائیو سٹاک سنٹر کی بلڈنگ میں سیموئل انڈونگ چیئر کا بھی افتتاح کیا۔ کوریا کے سفیر ڈاکٹر سانگ جان ہان نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے حالات آپس میں بہت ملتے ہیں لہٰذا ترقی کیلئے کورین ماڈل اپنایا جانا چاہئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔