• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس کا بیٹا قتل ہو وہ احتجاج بھی نہ کرے، یہ ظلم ہے: عامر خان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ مہاجر نوجوان کو عدالت کے دروازے پر قتل کیا گیا، جس کا بیٹا قتل ہو وہ احتجاج بھی نہ کرے، یہ ظلم ہے۔

ٹنڈو الہٰ یار میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے اپنے کارکن کے قتل کے خلاف سندھ حکومت پر شدیدِ برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ٹنڈوالہٰ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قتل کے خلاف فوری ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھی مہاجر جھگڑا نہیں چاہتے، ہم پر لسانیت کا الزام لگا رہے ہیں، مقتول کی بہن اور ماں پر تشدد شرم ناک ہے۔

عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مظالم سے تاریخ بھری پڑی ہے، یہ آواز کو طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتے ہیں، ہم آپ کے سامنے کھڑے رہیں گے، ڈریں گے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی ہر جگہ آواز اٹھائیں گے، جس شخص نے قتل کیا وہ شاہانہ انداز میں سیلفیاں بنا رہا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان کا مزید کہنا ہے کہ دروازے توڑ کر گھروں میں موجود خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھولو خانزادہ نے سیکیورٹی کے لیے درخواست دی لیکن انہیں سیکیورٹی نہیں دی گئی، ایس ایس پی کو ضلع بدر کیا جائے۔

وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ وہ عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ یہ معاملہ وزیرِ اعظم کے سامنے، قومی اسمبلی اور کیبنٹ میں بھی اٹھائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید