مسیحی برادری کے تہوار کی مناسبت سے لاہور کی لبرٹی چوک پر 42 فٹ بلند کرسمس ٹری نصب کر دیا گیا ہے، جو رات کے وقت روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہارٹی کلچر اتھارٹی مسیحی برادری کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے متحرک ہے۔ شہر کے مختلف گرجا گھروں پر بھی روشنی کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرسمس ٹری کی تصاویر شیئر کی اور لکھا کہ لبرٹی چوک پر 42 فٹ بلند کرسمس ٹری نصب کیا گیا ہے، جو محبت، تکثیریت اور شمولیت کے ایک مضبوط پیغام کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پنجاب میں اقلیتیں ناصرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور وہ معاشرتی ڈھانچے کا ایک اہم اور لازمی حصہ ہیں۔
ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق لبرٹی چوک میں سینٹا کلاز، سنو مین، اسٹار سٹرکچرز بھی روشن کر دیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں اقلتیوں کا کردار نمایاں ہے۔