• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہوردھماکا، بم رکھنے والے مبینہ دہشتگرد کی تصویر مل گئی


لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ کے انار کلی بازار میں گزشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکے کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوع پر ڈیوائس رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کی تصویر مل گئی، جائے وقوع تک ڈیوائس رکھنے والا شخص اکیلا آیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد نے ایک دکان کے سامنے بیگ رکھا، بم ڈیوائس رکھنے کے بعد ملزم رکشہ پر بیٹھ کر لاری اڈے گیا۔

تفتیشی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں، تاحال اس حوالے سے کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں انار کلی بازار کی دکانوں کے قریب بم دھماکے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے میں ایک عمارت اور 8 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے، شدید زخمی ہونے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے فی کس 1 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید