پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز افغان اسپنر راشد خان پی ایس ایل میں شرکت کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر پاکستان روانگی کی تصویر شیئر کی اور پی ایس ایل میں شرکت کے لیے اپنی بےتابی کا اظہار کیا۔
راشد خان نے چیک کی ایموجی کے ساتھ تحریر کیا کہ ان کے قومی فرائض مکمل ہوئے، اب اگلا ایونٹ پی ایس ایل ہے، جہاں وہ لاہور قلندرز سے جُڑنے کیلئے بہت بےتاب ہیں۔
خیال رہے کہ 25 جنوری کو ختم ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔
اس سیریز میں راشد خان نے تین میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ کے شعبے میں 32 رنز بھی بنائے۔
واضح رہے کہ سنسنی خیز میچز سے بھرپور پی ایس ایل 7 کا آغاز جمعرات سے ہورہا ہے۔
ایونٹ میں ملتان سلطانز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، پی ایس ایل کا فائنل میچ 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔