مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں لاہور کی اسپیشل کورٹ پہنچ گئے۔
حمزہ شہباز وکلاء اور سینئر رہنماؤں کے ہمراہ عدالت میں چلے گئے جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شہباز شریف عدالت کے باہر گاڑی میں ہی موجود رہے۔
شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج اسپیشل کورٹ میں درخواستِ ضمانت دائر کرنے پہنچے ہیں۔
دوسری جانب حمزہ شہباز درخواستِ ضمانت کے ہمراہ اسپیشل جج سینٹرل کے روبرو پیش ہو گئے۔
دورانِ سماعت عدالت نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں کو بینکنگ کورٹ سے واپس لیا جائے، بینکنگ جرائم کورٹ میں دونوں ملزمان کی ضمانتیں زیرِ سماعت ہیں، 1 مقدمے کی 2 مختلف عدالتوں میں ضمانتیں بیک وقت نہیں سنی جا سکتیں۔
واضح رہے کہ شہباز شریف دوسری مرتبہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
اس سے قبل بھی وہ کورونا میں مبتلا رہنے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔