• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے جس کے بعد اُنہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔

92 سالہ گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ کئی روز سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، گلوکارہ کو کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اسپتال میں داخل ہوئے تقریباََ 19 دن ہوچکے ہیں۔

اب گلوکارہ کے اہلخانہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’لتا دیدی اب بھی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں لیکن اُنہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔‘

منگیشکر کے مداحوں کی دعاؤں کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اہلخانہ نے مزید کہا کہ ’فی الحال! اُن کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں لیکن وہ اب بھی ڈاکٹر پریت صمدانی کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم کے زیرِ نگرانی رہیں گی۔‘

گلوکارہ کے اہلخانہ نے مزید کہا کہ ’ہم آپ کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے ہر ایک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں لتا منگیشکر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، دیگر ٹیسٹ کروانے کے بعد گلوکارہ میں نمونیا کی بھی تشخیص ہوگئی تھی۔

گلوکارہ کے کورونا میں مبتلا ہونے اور آئی سی یو میں داخل ہونے پر مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے پریشان تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید