• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی بھی انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، گلوکارہ کی صحت سے متعلق  گردش کرتی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر رواں ماہ 8 جنوری کو کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔ 

جب سے لتا منگیشکر کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، ان کی صحت کے بارے میں کئی افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن حال ہی میں اُن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، لیجنڈ گلوکارہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، بیان میں ان کے خیر خواہوں کو بھی خبردار کیا گیا کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔

لتا منگیشکر کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایک مخلصانہ اپیل، براہ کرم! کسی جھوٹی خبر پر یقین نہ کریں، لتا جی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں جن کا علاج ڈاکٹر پریت صمدانی اور ان کی ڈاکٹروں کی ٹیم کر رہی ہے۔ گلوکارہ کی جلد صحت یابی اور گھر واپسی کے لیے دعا کریں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا میں لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے پریشان کن خبریں سامنے آئی تھیں کہ گلوکارہ کی حالت زیادہ خراب ہے۔

یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ لتا منگیشکر کی صحت بگڑ گئی ہے اور اُن کے صحت یاب ہونے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔

اس خبر سے ان کے مداحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور وہ ان خبروں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع ہوگئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید