• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو زرداری کا حکومت کے خلاف اعلانِ جنگ


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلان جنگ کردیا۔

سرگودہ کے علاقے سیال شریف میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کٹھ پتلی سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ تبدیلی کے نام پر تباہی چل رہی ہے، کرپشن کرپشن کا کہہ کر عوام کے کان پکا دیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہہ رہی ہے جتنی کرپشن عمران خان کے دور میں ہوئی، ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، بہت جھوٹ سنا، اب جھوٹ نہیں سنیں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ وہ ملک کے کونے کونے میں جا کر کہیں گے کہ ہم نے مل کر اس حکومت کو نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو دکھاؤں گا کہ عوام نے عدم اعتماد کردیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمان کا اعتماد اس سے چھینا جائے اور وزیراعظم کو حکومت سے نکالا جائے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر عوام اور ملک کو مشکل سے نکالیں گے، عمران خان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ تاریخ لکھی جائے گی کہ پیپلز پارٹی کے جیالے کٹھ پتلی کے سامنے کھڑے تھے۔

قومی خبریں سے مزید