وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے فراخدلی کا ثبوت دیا، امید ہے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے بھی اپوزیشن فراخدلی کا ثبوت دے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے بلاول اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے، چاہتے ہیں جنوبی پنجاب صوبے کے لیے تمام جماعتیں مل کر بل پاس کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارے منشور میں ہے، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لیے ہم نے انتظامی اقدامات کیے، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے حکومت کی طرف سے رکاوٹ نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلدیاتی قانون کی حمایت میں پیپلز پارٹی سندھ میں تنہا ہے، بلدیاتی قانون کے خلاف مظاہرین پر پیپلز پارٹی نے طاقت کا استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل کی منظوری پر ن لیگ کہہ رہی ہے پیپلز پارٹی نے ہاتھ کردیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ شوق سے کرے، 22 اور 23 مارچ کو پاکستان ایک بار پھر او آئی سی وزرائے خارجہ کی میزبانی کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کا مؤقف ہے اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، حال ہی میں پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سر زمین استعمال ہوئی۔