بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)آر پی او بہاول پور ڈاکٹر احسان صادق نے ریجن بھر کے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسرز کو سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں تساہل، منشیات فروشوں، قحبہ خانوں اور جوئے کے اڈوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے ریجن بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز کو اس معاملہ پر وضاحت کے لیے ریکارڈ سمیت اپنے دفتر طلب کرلیا ہے۔آر پی او نے یہ احکامات آج یہاں اپنے دفتر میں ریجن بھر کے کرائم فگر کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جاری کیے۔ آر پی او نے کہا کہ عصر حاضر کے سماجی، ثقافتی اور معاشی تقاضوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے پولیس کے فرسودہ روایتی نظام کو تبدیل کرنا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ معمولی نوعیت کے جرائم میں بھی داد رسی اور حصول انصاف کے لیے شہریوں کو اگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو یہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال سے پولیس کا مثبت اور تعمیری امیج متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ریجن میں وی آر اوز اور ماڈل تفتیشی افسران کا تقررر ایسے اہم نئے اقدامات بروئے لائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کے لیے تھانوں میں فوری طور پر میرٹ اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنایاجا سکے۔