• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کا استعفا قبول کرنے سے انکار کردیا


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے ملی بھگت سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کروایا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کے نمائندے اپنا احتساب خود کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے اپوزیشن لیڈر کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

یوسف گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتے، لہٰذا اپنی پارٹی کو استعفیٰ دے دیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نےاستعفیٰ اپنی جماعت کو جمع کروا دیا ہے کہ میں قائد حزب اختلاف نہیں رہوں گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور اسپیکر ہاؤس کی نمائندگی کرتے ہیں، حکومت کی نہیں، اسپیکر اور چیئرمین کا کردار غیر جانب دارانہ ہونا چاہیے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بل پر ووٹنگ کے دوران 30 منٹ کیلئے سینیٹ اجلاس ملتوی کیا گیا، لگتا ہے جیسے چیئرمین سینیٹ حکومت کی سہولت کاری کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینا پڑا، چیئرمین سینیٹ کو ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔

قومی خبریں سے مزید