پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ آپ طاقت سے ہر مسئلہ حل نہیں کرسکتے، بلاول بھٹو زرداری جوڑنے کی بات کررہے ہیں۔
لاہور میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں چوہدری منظور نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر صرف پیپلز پارٹی نے اپنا پالیسی بیان دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں نے ابھی پالیسی بیان دیا ہی نہیں، حکومتی وزراء کے بیانات قابل مذمت ہیں، بتایا جائے صدر، چیف جسٹس سپریم کورٹ یا کسی اور پر دو رائے ہوں تو کیا ریفرنڈم ہو گا؟
پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جوڑنے کی بات کر رہے ہیں اور آپ توڑنے کی، آپ ایسا راستہ کھولنے جا رہے ہیں، جو تباہی کی طرف جا رہا ہے، آپ طاقت سے ہر مسئلہ حل نہیں کرسکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج تک بلاول بھٹو کے سوا کسی قومی لیڈر نے اپنی غلطی تسلیم نہیں کی، پی پی چیئرمین نے تو اپنی غلطی کا ازالہ کرنے کا بھی کہا ہے، ہم حکومت کا حصہ نہیں، اتحادی ہونے کے باعث حکومت بنوائی ہے، وزیراعظم آج استعفیٰ دے دیں حکومت سے الگ ہو جائیں گے۔
اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا مقصد سیاسی جماعتوں کو کمزور کرنا ہے، پیپلز پارٹی کی وجہ سے آج سندھ میں کوئی سندھو دیش کی بات نہیں کرتا۔