سابق گورنر سندھ اور ن لیگ کے سینئر رہنما محمد زبیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ فرخ حبیب ڈاکٹر نہیں، اب پتا چلا وہ ڈاکٹر بن سکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں وفاقی وزیر فرخ حبیب کے الزام کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ اگر معتبر ڈاکٹر کی رپورٹ کو آپ نہیں مانتے تو اس کا کوئی علاج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرخ حبیب نے نواز شریف سے متعلق اپنی ہی حکومت کی رپورٹوں کو چیلنج کرنا شروع کردیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا چاہتے تھے، انہوں نے ہی میڈیکل رپورٹ دی اور باہر بھیجا، میڈیکل رپورٹ سچ نہیں ہے تو اپنے ذرائع سے تصدیق کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کا مسئلہ نواز شریف کی صحت نہیں بلکہ اُن کی مقبولیت ہے، یہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کے سیاست میں فعال کردار کو ختم کریں۔
محمد زبیر نے استفسار کیا کہ پاناما لیکس میں 450 لوگوں کے نام آئے تھے، باقی 449 کہاں ہیں؟ صرف نواز شریف کو نشانہ بنایا گیا تاکہ سیاسی مخالف کو راستے سے ہٹایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گروتھ ہے تو غربت، مہنگائی اور بےروزگاری کم ہونی چاہیے جبکہ ملک میں غربت، بےروزگاری اور مہنگائی بڑھی ہے۔