• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نور مقدم کیس، ملزمان کے وکلاء کی تفتیشی افسر پر جرح مکمل


نور مقدم قتل کیس میں ملزمان کے مزید 2 وکلاء نے تفتیشی افسر پر جرح مکمل کرلی، مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے آئی جی اسلام آباد پولیس کی جانب سے گزشتہ دنوں وضاحت جاری کرنے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں کی گئی، تھراپی ورکس کے وکیل شہزاد قریشی کی استدعا پر عدالت میں ڈی وی آر کو ڈی سیل کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج چلائی گئی۔

ان کیمرہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر عبدالستار پر وکلاء شہزاد قریشی اور اسد جمال نے جرح مکمل کرلی، مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل سکندر ذوالقرنین کی جانب سے عدالت میں تین نئی درخواستیں دائر کردی گئیں۔

پہلی درخواست کے مطابق زیر التوا کیس کے دوران وضاحت جاری کرنے پر آئی جی اسلام آباد پولیس کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے، دوسری درخواست کے مطابق مدعی شوکت مقدم نے اپنے بیان میں ایک موبائل نمبر کا ذکر کیا جس کی اونرشپ کی تصدیق کروائی جائے، تیسری درخواست کے مطابق جائے وقوعہ کا نقشہ صحیح نہیں، پریزائیڈنگ افسر جائے وقوعہ کا خود جائزہ لے اور تفتیشی افسر کے نقشہ درست نہ بنانے پر عدالتی کاروائی کی جائے۔

کیس کی مزید سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

قومی خبریں سے مزید