• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فورسز پر حملوں میں 4 اہلکار شہید، 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں 4 اہلکار شہید ہوئے، 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پنجگور میں ہوئے حملے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوششیں ناکام بنا دیں، پنجگور میں 4 سے 5 لوگ اب بھی سیکیورٹی اہلکاروں کے نرغے میں ہیں جنہیں شکستِ فاش دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ الحمد لِلّٰہ سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی دہشتگردی کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں سیکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپس پر حملہ پسپا کرنے والی بہادر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے 2 مقامات پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں نے بدھ کی شام سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی تھی۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچاتے ہوئے دونوں حملوں کو کامیابی سے پسپا کر دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید