کوئٹہ، راولپنڈی ( نمائندہ جنگ، وقائع نگار ) بلوچستان کے دو مقامات پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں نےبدھ کی شام سیکورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی۔
دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچاتے ہوئے دونوں حملوں کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں دہشت گردوں نے 2 مقامات سے سیکورٹی فورسز کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم فوجیوں کی بروقت جوابی کارروائی نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا اور دہشت گرد فرار ہو گئے جبکہ ان کی ہلاکتوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ 4 دہشت گرد مارے گئے ۔ شوٹ آؤٹ کے دوران ایک افسر زخمی ہوا ۔ وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔