وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ تجارت سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کریں گے۔
یہ بات وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد نے دورۂ چین سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورۂ چین انتہائی اہم ہے، چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے میں بہتری لائیں گے، اس کے ساتھ ایف ٹی اے کے تحت چند شعبوں میں بہتری لانی ہے۔
مشیرِ تجارت نے یہ بھی کہا کہ چاول، سیمنٹ، پھل اور سبزیوں سمیت زراعت کو ترجیح ہے، مخصوص شعبوں میں ترقی سے برآمدات میں اضافہ ہو گا، چین سے زرعی شعبے کے لیے ٹیکنالوجی حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج کچھ دیر بعد چین کے 4 روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ شوکت ترین، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی برائے سی پیک خالد مصطفیٰ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی چینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ سے ہفتے کو جبکہ چین کے صدر شی جن پنگ سے اتوار کو ملاقات طے ہے۔