سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کے اہم مقامات پر مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ امسال تحصیل سیالکوٹ میں 26، ڈسکہ میں19، سمبڑیال میں 9اور پسرور میں 6مدنی دسترخوان لگائے جائیں گی جن کی نگرانی کے فرائض اسسٹنٹ کمشنرز انجام دیں گے ۔ یہ بات ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے ایک اجلاس سے دوران خطاب میں کی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے مخیر حضرات، تاجر تنظیموں اور مختلف ایسوسی ایشنوںکو مدنی دسترخوان لگانے کی دعوت ہے اور قومی امکان ہے کہ مدنی دسترخوان کی تعداد پہلے سے کئی بڑھ جائے گی ۔ چیئرمین مدنی دستر خوان پنجاب حاجی محمدنواز نے کہاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اللہ کی رحمتیں سمیٹنے کیلئے صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں صاحب ثروت اور مخیر حضرات کے تعاون سے 2ہزار سے زائد مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے جہاں پر اللہ کے فضل و کرم سے روزانہ لاکھوں لوگوں کوروزہ رکھنے اور کھولنے کی سہولت میسر آئے گی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر، ڈی او سی سیالکوٹ عبدالسلام ، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال، پسرور، ڈی ایف سی سیالکوٹ بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے آخر میں ملکی سا لمیت، استحکام اور بقا کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔