• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں شدید دھند، نجی ایئرلائن کی دو پروازیں کراچی واپس آ گئیں

لاہور میں شدید دھند اور موسم انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے کراچی سے جانے والی دو پروازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نہ اتر سکیں اور دونوں واپس کراچی آگئیں،جبکہ دبئی سے لاہور کی تین پروازوں کو اسلام آباد لینڈ کرادیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے ایئربلو کی پرواز پی اے 406 رات 10:15 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

ایئر سیال کی پرواز پی ایف 145 نے رات 9:45 بجے کراچی سے لاہور کیلئے ٹیک آف کیا تھا۔

دھند کے باعث حد نظر انتہائی کم ہونے سے دونوں پروازیں لاہور لینڈ نہ کر سکیں، کنٹرول ٹاور نے دونوں پروازوں کو واپس کراچی روانہ کیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئربلو کی پرواز میں لاہور کے 70 مسافر سوار تھے، اسی طرح ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر سیال کے اسی ایئر بس طیارے نے لاہور سے مسافر لے کر کراچی واپس بھی آنا تھا۔دونوں پروازیں رات گئے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واپس لینڈ کر گئیں۔

دوسری جانب لاہور سے مختلف روٹ کی چھ پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، دھند کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کراچی روانگی کے منتظر مسافروں کی بورڈنگ بھی منسوخ کرنا پڑی۔

قومی خبریں سے مزید