وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو پاکستان کے معاملات میں اسلحہ اُٹھائے گا اس کے خلاف پاک فوج ذمے داریاں نبھائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر مزید خلفشار اور انتشار کی باتیں کیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ اور ایف اے ٹی ایف کے اصل ملزم اکٹھے ہو کر آنا چاہتے ہیں تو بسم اللّٰہ ضرور آئیں۔
انہوں نے کہا کہ 22، 23، 24 کو او آئی سی کانفرنس ہے، میں نے انہیں پہلے کہا تھا کہ تاریخ بدلیں، لیکن اب کہتا ہوں کہ نہ بدلیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال دیں گے، کل مولانا فضل الرحمٰن کو مکھی کی طرح نکال دیا گیا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن سیاسی موت مرنے جا رہی ہے، میں نے کبھی آصف زرداری کو ٹین پرسنٹ نہیں کہا۔
ان کا کہنا ہے کہ کل سعودی وزیرِ داخلہ یہاں تشریف لا رہے ہیں، یہ وزارتِ داخلہ اور ہمارے سعودی عرب سے قیدی واپس لانے کے لیے اہم ہو گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان میں عظیم شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرنے جا رہا ہوں، جہاں ہمارے 9 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا ہے، 20 دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا پروپیگنڈا دیکھیں کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان کے چین کے دورے پر کتنی تکلیف میں ہے، بھارت پاکستان کے عدم استحکام کے لیے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، پاکستان کی عظیم افواج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے دنیا میں قربانیوں کی داستان لکھی ہے، دنیا کا کوئی ملک اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہماری کوشش ہو گی کہ افغانستان کے مسائل کا بہتر طور پر حل نکلے۔
شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ وراثتی سرٹیفکیٹ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بھی جاری کر رہے ہیں۔