پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے۔
نصیر آباد میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے گھبرانے کا وقت آچکا، حساب دینے کا وقت بھی آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کے پیٹ اور ووٹ پر ڈاکا مارا، سلیکٹڈ کو اسمبلی میں ہرانا جمہوریت کا انتقام ہوگا۔
پی پی چیئرمین نے عمران خان پر وار کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی کو پیغام پہنچا چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی میدان میں اتر رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے، ہم اپنا حق چھیننا جانتے ہیں، عمران خان نے عوام کے پیٹ اور ووٹ پر ڈاکا مارا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جمہوریت کا انتقام ہوگا کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے قومی اسمبلی میں ہرائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے، مل کر جدوجہد کریں، تاکہ ظالم، نالائق، ناجائز حکمرانوں کا صحیح بندوبست کر سکیں۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد جائیں گے، ہم نے اعلان جنگ کردیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے نصیر آباد میں 5 لاکھ ایکڑ زمین کسانوں میں مفت تقسیم کی تھی، ہم پانی کی کمی برداشت کر رہے ہیں، ہماری پہلی ذمہ داری پانی کی قلت دور کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم سازش ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، سندھ کو پانی ملے گا تو بلوچستان کو پانی ملے گا، قوتیں سندھ اور بلوچستان کو لڑاتی رہیں تو سندھ اور بلوچستان کو پانی نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، ہم کسی سے بھیک نہیں مانگتے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم اپنا حق چھیننا بھی جانتے ہیں۔