وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی غلط فہمی ہے کہ وہ لانگ مارچ کر سکتے ہیں۔
پی پی چیئرمین کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری لانگ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتے ۔
فواد چوہدری نے مزید کہاکہ انہوں نے تیرھویں دفعہ لانگ مارچ کی کال دی ہے، حزب اختلاف لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، شہباز شریف کے گھر جا کر بلاول نے سرینڈر ڈاکیومنٹ سائن کیے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کئی دن بھی سرجوڑ کر بیٹھیں تو ناکامی ان کا مقدر ہے، دونوں خاندانوں کے جعلی اکاونٹس اور چوری کے راز ایک جیسے ہیں، دونوں نے ملنا ہی تھا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کو یوم یکجہتی چوراں ڈکلیئر کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ گٹھ جوڑ چوریاں چھپانے کی کوشش ہے، کل پیپلز پارٹی کا سرنڈر ڈاکومنٹ سائن کیا گیا، ن لیگ نے سندھ اور پی پی نے پنجاب میں سیاسی مداخلت نہ کرنے کا عہد کیا۔