• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لتا منگیشکر کی آخری رسومات ممبئی میں ادا


برصغیر کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات ممبئی کے شیوا جی پارک میں ادا کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سچن ٹنڈولکر بھی شریک رہے۔

آنجہانی لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئیں، انہیں آخری رسومات کے لیے رہائش گاہ شیوا جی پارک منتقل کیا گیا۔

ان کی موت کی خبر پر برصغیر میں موسیقی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے دلی افسردگی کا اظہار کیا اور انہیں شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کی موت کی خبر ملنے پر امیتابھ بچن، سچن ٹنڈولکر، جاوید اختر سمیت نامور شخصیات ان کے گھر پہنچی تھیں۔

کوئل کی کوک اور بلبل جیسی سریلی آواز کی ملکہ لتا منگیشکر کی موت پر بھارت میں 2 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اس دوران بھارتی پرچم سرنگوں رہے گا۔

1929 میں اندور میں پیدا ہونے والی لتا منگیشکر نے 13 سال کی عمر میں پہلا گانا ریکارڈ کروایا۔

بلبل بند نے 36 زبانوں میں 30 ہزار سے زائد گانے گائے، مغل اعظم اور پاکیزہ جیسی سپرہٹ کلاسکس سمیت لتا نے 500 سے زائد فلموں میں آواز کا جادو جگایا۔

نامور موسیقاروں نوشاد، آر ڈی برمن، شنکر جے کشن، لکشمی کانت پیارے لال اور اے آر رحمان کی ترتیب دی گئی، موسیقی کو عروج تک پہنچایا ۔

سنیما اور گائیکی کے شعبے میں لتا منگیشکر کی بے مثال خدمات پر اُنہیں بھارت رتن، دادا صاحب پھالکے اور پدم بھوشن کے ساتھ کئی قومی اور فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا گیا۔

محمد رفیع اور کشور کے ساتھ ان کی یادگار پرفارمنسز سپرہٹ ثابت ہوئیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید