• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر چوہدری برادران سے حمایت مانگ لی


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر چوہدری برادران سے حمایت مانگ لی۔

لاہور میں آصف علی زرداری کی حکمران اتحاد ی جماعت ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات ہوئی۔

آصف زرداری اور ق لیگ کی قیادت کی ملاقات میں وفاقی وزراء میں شامل طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی کے ساتھ سالک حسین، شافع حسین اور رخسانہ بنگش شریک تھیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس دوران آصف علی زرداری نے شجاعت حسین سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی، جس پر ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل سے اب میں بہتر ہوں۔

پی پی شریک چیئرمین اور ق لیگ کی قیادت کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نےاس موقع پر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی اور چوہدری برادران سے حمایت بھی مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے آصف علی زرداری کو جواب دیا کہ تحریک عدم اعتماد اور دیگر معاملات پر پارٹی سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی گفتگو کے دوران مہنگائی کا مسئلہ بھی زیر غور آیا، آئندہ چند روز میں آصف زرداری کی چوہدری برادران سے ایک اور ملاقات ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل آصف زرداری کا چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور طارق بشیر چیمہ نے استقبال کیا۔

قومی خبریں سے مزید