• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کی دو روز قبل جہانگیر ترین سے لاہور میں ملاقات ہوئی تھی

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی دو روز قبل رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین سے لاہور میں ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد ہوئی، جو آدھے گھنٹے کے قریب جاری رہی۔

کچھ مشترکہ دوستوں نے مولانا فضل الرحمان اور جہانگیر ترین کی ملاقات کا اہتمام کیا تھا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان نے موجودہ صورتحال اور مستقبل کے معاملات پر جہانگیر ترین سے تعاون مانگا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم اجلاس میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد تحریک لانے کے فیصلے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔

دو روز قبل مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں انہوں نے ق لیگ کی قیادت سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے  کے لیے ان کا  تعاون مانگا تھا۔

مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ  موجودہ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ واحد حکومت ہے جس سے کوئی بھی خوش نہیں ہے، حکومت کے اتحادی بھی ان سے مطمئن نہیں ہیں۔

چوہدری برادران  کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام سے دیرینہ مراسم ہیں، ملک کے لیے جو بہتر ہوگا وہ کریں گے، اپوزیشن جماعتوں سے بعض تحفظات تھے اور ہیں۔

قومی خبریں سے مزید