بھارتی پنجابی اداکار دیپ سدھو کی کار حادثے میں موت ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار دیپ سدھو جو گزشتہ سال جنوری میں یوم جمہوریہ تشدد کیس میں ضمانت پر باہر تھے، ایک کارحادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں، یہ حادثہ کنڈلی-مانیسر-پلوال (KMP) ایکسپریس وے پر ہوا جو دہلی کو بائی پاس کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپ سدھو کی گاڑی ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں اداکار کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ دیپ سدھو دہلی سے پنجاب جا رہے تھے جبکہ اسپتال کے حکام نے بتایا کہ اُنہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپ سدھو کو دہلی پولیس نے گزشتہ سال بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ایک ٹریکٹر ریلی کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا جو مظاہرین کے لال قلعہ پر آنے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے بعد تشدد کی شکل اختیار کر گئی تھی۔
اپریل میں اداکار کو ضمانت مل گئی تھی لیکن رہائی کے فوراً بعد انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اپریل کے آخر میں اداکار دوسری بار ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، دہلی کی ایک عدالت نے واضح کیا تھا کہ جب بھی پولیس دیپ سدھو کو بلائے گی تو انہیں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونا ہوگا۔