• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول مہنگا، شبلی فراز نے عوام کو بتا دیا کہ کیا کریں

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز —فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز —فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پریشان عوام کو مشورہ دے ڈالا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمیں جہاں تک ممکن ہو کم فیول استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سخت وقت میں زندگی نارمل نہیں رہ سکتی، حکومت کس کس چیز کو سبسڈائز کرے، ہماری حکومت کی ترجیح کھانے پینے کی چیزوں پر سبسڈی دینا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان پیٹرول بناتا یا ہمارے پیٹرول کے کنوئیں ہوتے تو پھر اور بات تھی، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں 95 ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، حکومت اس میں کوئی ٹیکسز نہیں ڈال رہی۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ سائنس کی کوشش ہے کہ بجلی کم خرچ ہو، بجلی کم خرچ ہوگی تو آئل کی امپورٹ کم ہو گی، کورونا وائرس کی وباء اور مہنگائی عالمی ہیں، ہمیں اس میں خود کو ایڈجسٹ کرنا ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں وزیرِ سائنس نے کیا کہا؟

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ وزارتِ سائنس نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ بنایا ہے، ہمیں چیزیں امپورٹ کرنے کے بجائے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ثابت کیا کہ ہم ای وی ایم بنا سکتے ہیں اور ہم نے بنائی، الیکشن کمیشن اس حوالے سے اگلے 2 ہفتوں میں ٹینڈرز پاس کر لے گا۔

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی صوابدید ہے کہ وہ کس مشین کا انتخاب کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن پروپیگنڈا کر رہی تھی کہ حکومت اپنی مشین لے آئی ہے، ہماری کوئی مشین نہیں ہے، ہم نے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کیا ہے۔

شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارا مقصد انتخابات میں شفافیت لانا تھا، بلدیاتی انتخابات میں 20 فیصد سے زائد ووٹ ضائع ہوئے جو جیتنے کے مارجن سے زیادہ تھے۔

قومی خبریں سے مزید