• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اور پنجاب کابینہ میں ردو بدل کرنے جارہے ہیں، شہباز گل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وفاقی اور پنجاب کابینہ میں ردو بدل کرنے جارہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے اس متعلق پالیسی ہدایات جاری کردی ہیں۔

لاہور میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں کچھ نئے لوگوں کو شامل کیا جائے گا، آنے والے دنوں میں اپوزیشن کیلئے مزید پریشانیاں آرہی ہیں۔

شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایک روزہ دورہ پر لاہور آئے ہیں، جہاں وہ مختلف ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم سے ملاقات ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایکٹو ہو گئے اور مریم نواز خاموش ہو گئی ہیں، ہم بتا چکے تھے مریم نواز اور ان کے چچا کے تعلقات میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب فُٹ ورک کر کے اپنے لئے جگہ بنا رہے ہیں، چچا اور کزن پر فرد جرم ہونے جا رہی ہے، شہباز شریف صاحب اور حمزہ شہباز صاحب کا شکریہ جنہوں نے چپڑاسیوں کو بھی کروڑ پتی کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں ریکوریوں کی خوشخبریاں دیں گے، جیسے جیسے چوروں سے پیسہ ریکور کریں گے عوام کیلئے سہولتیں پیدا ہوں گی، نیب کا ادارہ ساڑھے 5 سو ارب ریکور کرچکا ہے، اسی میں سے 4 سو ارب کا ہیلتھ کارڈ عوام کو دیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جب مفاد کے خلاف بات ہوتی ہے تو اکھٹے ہوجاتے ہیں، جب احتساب کا پھندہ تنگ ہوگا تو گھسیٹ گھسیٹ کر ایک دوسرے کو تیتر کھلائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ لوگ مزاج پرسی کے بہانے چوہدری برادران کے کندھے پر بندوق رکھنا چاہتے ہیں، لیکن چوہدری برادران نے منجھے ہوئے سیاستدان کا ثبوت دیا اور اپنی وضع داری دکھائی، مونس الہٰی نے گھر آنے کو تماشہ نہیں کہا، بلکہ جو آپ باہر کررہے ہیں اسے تماشہ کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین صاحب نے آج تک وزیراعظم یا پی ٹی آئی کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا، چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کی تھی، مونس الہی نے بڑی ٹائمنگ سے چھکا لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہی تھا، پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے پر خوش نہیں ہیں لیکن کوئی حل بتادیں، دو سے تین ماہ میں مہنگائی اور پیٹرولیم کی قیمتیں نیچے آئیں گی۔

قومی خبریں سے مزید