ملتان (نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کی جانب سے ٹی او آرز کے لئے بنائے جانے والی کمیٹی کے لئے چھ نام فائنل کردیئے گئے ہیں مگر حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی اور حکومتی ارکان کے نام نہیں دیئے جا رہے ،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بتائی ،انہوں نے کہاکہ کہ ملامنصوراختر کی ہلاکت کے پیچھے ایک بڑا راز ہے ،جو چند دنوں میں کھل جائے گا ،وزارت خارجہ کا لاعلم رہنا اور کوئی پالیسی بیان نہ دینا ،خارجہ امور کی ناکامی ہے ،شاہ محمودقریشی نے گندم خریداری پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی دعووں کے باوجود کسانوں کو باردانہ نہیں مل رہا ،لوگ سستی گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں ،اس حوالے سے کسانوں کے تحفظات و مطالبات جائز ہیں تحریک انصاف ان کے ساتھ ہے اور کسان اتحاد کی جانب سے پیر کو ہونے والے مظاہرے میں پی ٹی آئی بھرپور شرکت کرے گی۔ قبل ازیں سول ہسپتال چوک فوارہ کے قریب پاکستان تحریک انصاف کے سٹی آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے ایشو پر پاکستان تحریک انصاف کی کامیاب حکمت عملی کی بدولت تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر جمع ہوئیں،ہماری اولین ترجیح اس وقت ملک کو کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانہ ہے جس کے لئے ہم بلا تفریق ہر جماعت کے افراد کے ساتھ گفت و شنید کرنے پر تیار ہیں۔