اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملا قا ت کی۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حکومت کو قوانین میں سختی لانا ہو گی۔پاکستان میں شیعہ سنی بھائی چارے کی فضا قائم ہے، کچھ بیرونی طا قتیں تفرقہ بازی کے ذریعے پاکستان میں بد امنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اس میں انڈیا کابھی گھنائونا کردار شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کو ایک خط تحریر کریں گے جس میں ٹارگٹ کلنگز کے خلاف ایک طاقتور اور بااختیار جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا جائے گا۔انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ٹی اور آرز لکھ کر انہیں بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں ایف سی اور لیویز کے اہلکاروں کے ہاتھوں تین افراد کے قتل کے واقعہ کے خلاف کرم ایجنسی کے لوگو ں نے اگر کوئی مقدمہ دائر کروایا تووہ اسے سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی لے کر جائیں گے اور اس پر کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم کی حمایت کی ہے۔ لشکر جھنگوی سمیت تمام دہشت گرد جماعتوں کے خلاف میں شروع سے کھل کر بولتا رہا ہوں۔ انہوں نے قوم وملت کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی مخلصانہ خد ما ت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔علامہ ناصر عباس جعفری نے رحمٰن ملک کی آمد پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج ظلم ،ریاستی جبر،کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف ہے۔