• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عدم اعتماد سے گھبرائے ہوئے ہیں، شاہد خاقان


مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے گھبرائے وزیر اعظم کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں ، ملک کے کرپٹ ترین لوگ موجودہ حکومت کی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔

شاہد خاقان نے عدالتوں میں کیمرے لگا کر کرپشن کے خلاف کارروائی عوام کو دکھائے جانے کا مطالبہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کوئی عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں، آج عدم اعتماد کے لیے جتنا راستہ ہموار ہے، ماضی میں اتنا کبھی نہیں تھا، تحریک اپنے وقت پر آجائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرپٹ ترین لوگ کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہمارے پانچ سال کے دور میں بجلی 8 روپے فی یونٹ نہیں بڑھی۔

شاہد خاقان نے کہا کہ تفتیش کے دوران کیمرے لگا کر عوام کو دکھایا جائے، عمران خان ہماری حکومت کے خلاف کوئی بھی کرپشن کا کیس سامنے لے آئیں اور ٹی وی پر ہمارے سامنے بیٹھیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں محسن بیگ کو نہیں جانتا، عمران خان اور مراد سعید جانتے ہوں گے، ایک کتاب جس پر پابندی لگی ہوئی ہے، اس سے الفاظ اٹھاکر ٹی وی چینل پر بات کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ محسن بیگ کو نوٹس بھیج کر تفتیش کی جاتی، صحافی پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جرنلسٹ نے جو بھی قانون توڑا اس کو حساب دینا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محسن بیگ کو رہا کیا جائے، شفقت محمود قومی نصاب سے صفحہ 273 نکال دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کے وزرا گالیاں نکالتے ہیں ان پر بھی مقدمے درج ہونے چاہیے، مریم نواز کے لیے جو زبان استعمال کی گئی پھر اس پر بھی مقدمہ درج کرنا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید