چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کردی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، بلڈنگ کمیٹی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق بلڈنگ کمیٹی سپریم کورٹ عمارات، ججز گیسٹ ہاوسز وغیرہ کے معاملات دیکھے گی، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو سپریم کورٹ ریسرچ سینٹر افئیرز کمیٹی کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے۔
ریسرچ سینٹر افئیرز کمیٹی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسٰی لاء کلرک پروگرام کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، لاء کلرک پروگرام کمیٹی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی شامل ہوں گے۔
ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ دو رکنی کمیٹی لاء کلرکوں کی تقرریوں کی سفارشات کرے گی۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو آن ریکارڈ انرولمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بھی تعینات کیا گیا ہے، انرولمنٹ کمیٹی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسٰی اے ٹی سیز بلوچستان کے معاملات کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں، جسٹس طارق مسعود کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کو پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔
جسٹس مظہر عالم خیبر پختونخوا کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ اے ٹی سیز سندھ کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں۔