• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے 29ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 106 رنزکا ہدف 17.2 اوورز میں حاصل کیا، ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی،  جبکہ 10 ڈیوڈ ویلی 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز  کے  ٹم ڈیوڈ نے 17، عامر عظمت اور شان مسعود نے 4 ،4 رنز بنائے، جبکہ خوشدل شاہ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے لیام ڈاؤسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مخالف ٹیم کو جیتنے کے لیے 106 رنز کا آسان ہدف دیا تھا۔

اننگز کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑگیا اور اس کے پہلے کھلاڑی محمد حریرہ دو رنز بنا کر آصف آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد یونائیٹڈ کے ناصر نواز 14 اور لیام ڈاؤسن 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

52 کے اسکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو اعظم خان کی صورت میں چوتھی وکٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا جب وہ بڑی شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔

ٹیم کے کپتان آصف علی بھی کوئی متاثر کن اننگز نہ کھیل سے اور 64 کے اسکور پر آصف آفریدی کی گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے صرف 9 رنز بنائے۔

سلطانز کے عمران طاہر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان آصف علی، ناصر نواز، محمد ہریرہ، لیام ڈاؤسن، اعظم خان، دانش عزیز، ظفر گوہر، مرچنٹ ڈی لینگ، اطہر محمود، زاہد محمود اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود،عامرعظمت،رائیلی روسو ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر اور شاہ نواز دہانی شامل ہیں۔

اس سے قبل ایونٹ کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز اپنا آخری مقابلہ بھی ہار گئی، اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 23 رنز سے زیر کیا۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید