• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SIUT کا سکھر میں روبوٹک سرجری یونٹ قائم کرنے کا اعلان

سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) جلد ہی سکھر میں روبوٹک سرجری کا یونٹ قائم کرے گا۔ یہ مجوزہ یونٹ اگلے ماہ کے آخر تک قائم کر لیا جائے گا۔

اس بات کا اظہار ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ادیب رضوی نے صوبائی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو لکھے گئے ایک مراسلے میں کیا، پروفیسر رضوی نے اُن کے اپنےادارے میں قائم کردہ روبوٹک سرجری کے شعبے کے قیام میں حکومت سندھ کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کا شکریہ ادا کیا،  اس شعبے کا افتتاح گزشتہ دنوں میں کراچی میں ہوا تھا۔

ڈاکٹر رضوی نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ اُن کا ادارہ ایس آئی یو ٹی فلسفہ کے مطابق صوبے کے دور دراز علاقوں تک طبی سہولت فراہم کرنے پر پورا یقین رکھتا ہے تاکہ آبادی کے بڑے حصہ کو علاج و معالجہ کی جدید سہولتیں حاصل ہو سکیں۔ سکھر میں ایس آئی یو ٹی کا ایک اسپتال چبلانی میڈیکل سینٹر کے نام سے پہلے ہی کام کر رہا ہے ۔

روبوٹک سرجری کو طب کی سائنسی دنیامیں مستقبل کی سرجری کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ اِس سرجری میں مخصوص سہولتوں کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل ہے۔

اس سرجری کی خاص بات یہ ہے کہ اِس کی وجہ سے مریض کے جسم پر سرجری کے نشانات کم ہوتے ہیں، خون کا اخراج کم ہوتا ہے اور مریض کا اسپتال میں قیام بھی محدود ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی کا روبوٹک یونٹ نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران ایک ہزار سے زائد کامیاب سرجری ہو چکی ہیں۔ یہ علاج بالکل مفت اور پُروقار انداز میں کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید