• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے تھانوں میں بھی رینجرز لگانے کو تیار ہیں: شیخ رشید


وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالات ناگفتہ بہ ہیں، لگتا ہے وہاں کوئی قانون نہیں رہا، اس کے نتیجے برے نکل سکتے ہیں، وزیرِ اعلیٰ سندھ کہیں تو کراچی کے تھانوں میں بھی رینجرز لگانے کو تیار ہیں، یہاں رینجرز کی فورسز بڑھانے کو تیار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ای پاسپورٹ میں داخل ہونے جا رہا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان ای پاسپورٹ کا افتتاح کریں گے، ان کی ہدایت پر 1819 کی سروس شروع کی جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن والے ساڑھے 3 سال سے لگے ہوئے ہیں، صبح آ رہے ہیں، شام آ رہے ہیں، اپوزیشن بڑے شوق سے آئے، انہیں کچھ نہیں ملے گا، یاد رکھیں جب بھی تحریکیں چلی ہیں خواہش کے مطابق نتائج نہیں ملے، ان شاء اللّٰہ عدم اعتماد میں بھی ناکام ہوں گے، ناکامی ان کا مقدر ہے، 172 ممبران لانا آپ کا کام ہے، بعد میں یہ روئیں گے، کہیں گے کہ فون آ گیا تھا، کورونا ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ہم نے کارڈ چھپائے ہیں، عمران خان بھی چھاتی سے کارڈ لگا کر کھیلتے ہیں، الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے، شہروں میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد لائے گی تب بھی پھنسے گی اور اس کے نتائج میں بھی پھنسے گی، عمران خان سیاسی لڑائی میں سرخرو ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ گلے پڑنے والی اپوزیشن اب ایک دوسرے کے پاؤں پڑتی ہے، یہ لوگ اپنے بلوں میں گھس گئے ہیں، قلندر چھایا ہوا ہے، یہ سب فارغ ہو جائیں گے، ان کی غلط فہمیوں سے کوئی بڑا سیاسی حادثہ ہو سکتا ہے، آپ کی خواہشیں خبریں نہیں بنیں گی، آپ کی سیاست کو ناکام کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین سے 5، 6 مہینے سے ملاقات نہیں ہوئی، وہ اچھے آدمی ہیں، مجھے امید ہے کہ جہانگیر ترین ذمے داری کا ثبوت دیں گے، میں تو یہ کہوں گا کہ جہانگیر ترین سے بھی بات ہونی چاہیے، سیاستدان کبھی دروازے بند نہیں کرتا، ن لیگ 14 سال بعد ق لیگ کے پاس جا سکتی ہے تو عمران خان اور جہانگیر ترین تو پرانے ساتھی ہیں، دوستوں میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج عظیم ادارہ ہے، نوشکی، تربت، پنجگور میں جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، رد الفساد میں 80 ہزار جوانوں اور سویلین نے قربانی دے کر ملک کو محفوظ کیا۔

شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 27 تاریخ کو پاکستان آ رہی ہے، اسلام آباد میں کرائے دار کا ڈیٹا تھانے میں جمع کرایا جائے گا، بغیر اطلاع غیر ملکی کو کرائے پر مکان نہ دیں۔

قومی خبریں سے مزید