• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد اکبر آج کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ( ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر آج کل کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن کی حالیہ سیاسی ملاقاتوں پر وزیراعظم اور اُن کے ترجمانوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں آج ایک اہم بیٹھک جاری ہے، جس میں نالائق اور نااہل حکومت کے مستقبل کا فیصلہ ہورہا ہے۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کے بعد یہ پریشان ہیں، شہزاد اکبر آج غائب ہیں، کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے آزاد عدلیہ کو تابع بنانے کی کوشش کی گئی، آپ نے پہلےکنٹینر پر کھڑے ہو کر گندی سیاست کی، آج میڈیا کی زبان بندی کا قانون بنایا جارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ تم کس منہ سے ہتک کی بات کرتے ہو، تم ہمیں بتاؤ گے تضحیک اور ہتک کیا ہے؟ پیکا قانون سب سے پہلے عمران خان پر لاگو ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس کالے قانون کی پارلیمنٹ کے اندر بھی مخالفت کریں گے، پیسوں کی پیشکش کرنا دور کی بات کوئی آپ کی ٹکٹ بھی نہیں لینا چاہتا۔

ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو آئینی اور قانونی طریقوں سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے وقت کا تعین اتفاق رائے سے کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ نمبر گیم پوری ہو گی تو عوام کو پتہ چل جائے گا، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سب ایک پیج پر ہیں، اعتزاز احسن کو چاہیے کہ بیانات دینے کے بجائے اپنی پارٹی سے بات کریں۔

قومی خبریں سے مزید