مظفرآباد (نامہ نگار ) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر زراعت ،لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ مظفرآباد کے عوام پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا تاریخی استقبال کر کے نئی تاریخ رقم کریں گے ۔4 جون کو مظفرآباد میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فرزندبلاول بھٹو زرداری کا استقبال پیپلزپارٹی کی پالیسیوں انقلابی منشور اور 5 سالہ شاندار کارکردگی پر عوامی ریفرنڈم کی مہر تصدیق ثبت ہو گی۔ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کے ویژن کے مطابق خوشحال کشمیر کا سفر جاری رہے گا ۔آزاد کشمیر کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پنجکوٹ کلس تیتراں سے چوہدری بشیر،چوہدری مکھن دین،لعل دین ،نمردار تاج دین،رخیل احمد،نمبردار صغیر احمد، محمد انصر،لیاقت چوہدری، محمد نسیم،منیر احمد،حاجی اشر ف نمبردار،صدیق نمبردار ،وحید احمدو دیگر نے مسلم کانفرنس چھوڑ کر برادریوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور سید بازل علی نقوی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورحکومت میں لچھراٹ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کی محافظ پارٹی ہے عوام جب بھی کسی مشکل صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں تو یہی پارٹی ہے جو میدان میں نکل کر ملک اور عوام کو اس مشکل صورتحال سے نکالتے ہیں۔ آزادکشمیر میںوزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کر دیا گیا ہے اور جس قدر میگا پراجیکٹس ہماری حکومت نے شروع کئے اس کی گذشتہ65 سال میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔