• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری نے پی ڈی ایم کا ’لائن آف ایکشن‘ ہی تبدیل کرادیا، حافظ حسین احمد

کراچی(ایجنسیاں)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ایک بار پھر آصف علی زرداری اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر سربراہان پربہت ہی بھاری ثابت ہورہے ہیں، پی ڈی ایم میں نہ ہوتے ہوئے بھی نہ صرف سب کو ”نکیل“ ڈالی ہوئی ہے بلکہ مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کو بھی اپنی آغوش میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے بقیہ پی ڈی ایم کی 9 پارٹیوں کے طے شدہ فیصلوں کو ختم کرواکے ان کی لائن آف ایکشن ہی یکسر تبدیل کروا دی ہے۔ وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ در اصل پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم میں رہتے ہوئے بھی پی ڈی ایم کے طے شدہ 26 نکات سے ہٹ کر انفرادی طور پراپنی پارٹی میں ضمنی اور سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کا یکطرفہ فیصلہ کیا اورپھر ان فیصلوں کو پی ڈی ایم کی باقی 10 پارٹیوں سے انگوٹھا لگا کر منظوربھی کروایا۔