لاہور(خصوصی نمائندہ)سینئر صحافی اور کالم نویس عطا الرحمن انتقال کرگئے۔مرحوم کچھ عرصہ سے علیل تھے اور گزشتہ روز اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین،ا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سینئرصحافی عطاالرحمن کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا عطاالرحمن کی صحافت، ملک وملت کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا ۔اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے عطاء الرحمٰن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل لاکھانی نے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے روزنامہ نئی بات کے گروپ ایڈیٹر عطاالرحمن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ اے پی این ایس کے اراکین مرحوم کے اہل خانہ کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔