وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری صاحب سن لیں عمران خان نے بلا اٹھالیا ہے۔
تحریک انصاف کے سندھ حقوق مارچ سے آج مختلف مقامات پر علی زیدی، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے خطابات کیے۔
جیکب آباد میں اپنے خطاب کے دوران اسد عمر نے کہا کہ زرداری صاحب سن لیں عمران خان نے بلا اُٹھا لیا ہے، جلد وہ آپ کو بھگائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کہیں بھی نہیں جارہی ہے، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی۔
علی زیدی نے خطاب میں کہا کہ یہ پیپلز پارٹی نہیں زرداری مافیا ہے، پوچھتا ہوں کہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی پانچ روپے بھی کمائے ہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ آصف زرداری 11 سال جیل میں تھے، پھر بھی ان کا بزنس بڑھتا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں شہید بھٹو کی سیاست دفن ہوچکی ہے جبکہ زرداری کی سیاست جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ زر اور زرداری نے اسلام آباد جانے کےلیے کارکنان کو 30،30 ہزار روپے دیے ہیں ۔
سندھ حقوق مارچ کے شرکاء آج رات جیکب آباد میں قیام کریں گے اور پھر کل قمبر شہداد کوٹ کےلیے سفر کا آغاز کریں گے۔