تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ارم انصاری
ملبوسات: Jaan London
آرایش: Sleek By Annie
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
ایک جگہ کہیں پڑھا تھا’’ دوپہر کی کڑی دھوپ ہو یا ڈھلتی شام، گھر واپس آنے والوں کو گھر میں موجود عورت کے محبّت بَھرے وجود کا یقین توانائی دیتا ہے۔‘‘اور اس سے بھی انکار نہیں کہ مشرقی خواتین خواہ گھریلو ہوں یا ملازمت پیشہ عموماً اپنی ذات کی نفی کرکے ہی گھر گر ہستی کو اُجالتی، سنوارتی ہیں۔
اپنی گھریلو اور پیشہ ورانہ ذمّے داریوں میں توازن برقرار رکھتی ہیں، تو رشتوں کی نازک ڈور جوڑے رکھنے کے لیے صبر و برداشت سے کام لینا بھی بخوبی جانتی ہیں۔ اور خواتین کے اسی کردار، خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال دُنیا بَھرمیں8مارچ کو باقاعدہ’’عالمی یومِ خواتین‘‘ کا انعقاد و اہتمام ہوتا ہے۔اِمسال اپنے اس دِن کو کچھ اور بھی خُوب صُورت، یادگار بنانے کے لیے اگر کچھ خاص آرایش و زیبائش کا ارادہ ہے، تو آپ ہماری بزم سے بھی استفادہ کرسکتی ہیں۔
ذرا دیکھیے، فیروزی رنگ پلین ٹراؤزر ، ایمبرائڈرڈ پرنٹڈ قمیص اور کنٹراسٹ میں کریم رنگ پرنٹڈ دوپٹا کیسا پیارا لگ رہا ہے۔اِسی طرح ٹیل رنگ پلین بیل باٹم کے ساتھ ملٹی شیڈڈ تھریڈ ورک سے آراستہ قمیص کے بھی کیا ہی کہنے۔مسٹرڈ رنگ پیرا ہن کا انداز بھی دِل آویز ہے کہ ٹراؤزر کے باٹم پر گوٹے اور قمیص پر گولڈن زری کے ساتھ دھاگے کا کام بہت بھلا لگ رہا ہے، تو ٹرکوائز رنگ ٹراؤزر کے ساتھ فُل ایمبرائڈرڈ قمیص بھی کچھ کم حسین انتخاب نہیں۔ جب کہ سیاہ رنگ پلین ٹراؤزر، شرٹ کے ساتھ ملٹی شیڈڈ تھریڈ ورک سے آراستہ شال اور اسی طرح گہرے نیلے رنگ کے تھریڈ ورک سے مرصّع لباس کی جاذبیت و ندرت بھی اپنی مثال آپ ہے۔