• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

40 سال کی نوکری، کراچی پولیس کے ریٹائرمنٹ کے قریب 103 کانسٹیبلز کی پہلی اور آخری ترقی

کراچی پولیس میں 40 سال قبل بھرتی کے بعد سے اب تک مختلف وجوہات کی بنا پر ترقی سے محروم 103 پولیس کانسٹیبلز کو ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔

ترقی پانے والے پولیس اہلکار مستقبل قریب میں ریٹائر ہونے والے ہیں، ان میں سے ایک کو محض ایک دن نئے عہدے کا نیا رینک لگانا نصیب ہوا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لگ بھگ 40 سال قبل سال 1982 اور 1983 میں بطور پولیس کانسٹیبل کراچی پولیس میں بھرتی ہونے والے 592 اہلکار اب تک ترقی سے محروم ہیں۔

یہ اہلکار مختلف محکمانہ ٹریننگز یا پیشہ ورانہ کورسز نہ کرنے کی وجہ سے مختلف اوقات میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں پر ترقی سے ڈیفر ہوتے رہے۔

ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن اپنے اختیارات کے تحت اس سلسلے کے مخصوص کوٹے پر ایسے 103 پولیس کانسٹیبل کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کی سفارش کی، جن کی عمر 57 سال سے زائد ہے۔

ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق ان اہلکاروں کو 26 فروری سے اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔

ترقی پانے والوں میں ایک خوش قسمت اہلکار ایسا بھی ہے جو آج یکم مارچ 2022 کو ریٹائر ہورہا ہے اور اسے نئے عہدے کا رینک صرف ایک دن لگانا نصیب ہوا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق فہرست میں باقی رہ جانے والے کانسٹیبلز کو بھی جلد مرحلہ وار ترقی دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید