• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سازش ناکام ہوئی، آسٹریلین ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں، شیخ رشید



وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت کی سازش ناکام ہوگئی ہے، ہم آسٹریلین ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں، ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی دی ہے۔

شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت ہماری خوشی میں خوش نہیں ہے، انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز بہترین کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں، کل بھارت نے مذموم حرکت کی، وہ کچھ نہیں کرسکتا، ان کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں، سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی، نیوزی لینڈ ٹیم بدقسمتی سے بھارتی سازش کا شکار ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے یہاں چھوٹے گاؤں میں جائیں بجلی نہیں ہوگی لیکن کرکٹ ہوگی، وزیراعظم نے بھی سی ڈی اے کو اسلام آباد میں اسٹیڈیم بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں دنیا کا ماڈرن اسٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل بنا رہے ہیں۔

شیح رشید کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کو ہماری مہمان نوازی پسند آئے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع نے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ کے بارے میں بتایا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کی فیملی کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی صورت میں مبینہ طور پر سنگین نوعیت کے نتائج بھگتنے کی دھمکی دی گئی ۔

اس دھمکی کے بعد بورڈ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے آگاہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی گئی ہیں، بھارتی گجرات کے ایک شخص نے آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو دھمکیاں دی ہیں، پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس پیغام کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو روکنا ہے تاکہ 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم خوف زدہ ہوکر وطن واپس چلی جائے۔

قومی خبریں سے مزید