کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارت ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خوف زدہ کرنے کی سازش سے باز نہ آیا اور گجرات کے ایک شخص نے آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو دھمکیاں دیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 سال بعد پاکستان آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں، آسٹریلوی ٹیم کے ایک رکن کی فیملی کو انسٹا گرام پر دھمکیاں دے کر ڈرانے کرنے کی کوشش کی گئی۔
پیر کو نے پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں ایک آسٹریلوی کرکٹر کی اہلیہ کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغامات ملنے کی خبروں کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ بورڈ ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے آگاہ ہے اور اس کی تحقیقات کی گئی ہیں۔پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس پیغام کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو روکنا ہے تاکہ 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم خوف زدہ ہوکر وطن واپس چلی جائے۔
پیر کوآسٹریلوی بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا میں اس پوسٹ کے بارے میں باخبر ہے اور اس کی نوعیت اور مواد کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں ممالک کی سرکاری ایجنسیوں نے تحقیقات کی ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا نے اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس قسم کی سرگرمیوں کا سدباب کرنے کے لیے جامع سکیورٹی منصبہ بندی کی گئی ہے اور اس موقع پر مذکورہ سوشل میڈیا پیغام کو خطرناک نہیں سمجھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ کے بارے میں بتایا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کی فیملی کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی صورت میں مبینہ طور پر سنگین نوعیت کے نتائج بھگتنے کی دھمکی دی گئی ہے۔